Wednesday 26 November 2008

Pakistan can answer Drones: Air Cheif

. Wednesday 26 November 2008


پاکستان فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل تنویر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائیہ امریکی ڈرون طیاروں کا موثر جواب دینے کی اہلیت رکھتی ہے لیکن اس بارے میں فیصلہ حکومت اور پارلیمان کو کرنا ہے۔

کراچی میں جاری جنگی ساز و سامان کی عالمی نمائش کے معائنے کے موقعے پر منگل کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایئر مارشل تنویر محمود نے کہا ہے کہ ’ ہم تیار ہیں، یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہمیں کس وقت انہیں جواب دینا ہے، ان کے ساتھ جنگ شروع کرنی ہے یا نہیں یہ فیصلہ قوم اور حکومت کو کرنا ہے کیونکہ پاکستان فضائیہ دیگر فورسز کی طرح حکومت کی پالیسیوں پر چلتی ہے ، ہم اپنی پالیسیاں یا منصوبے نہیں بناتے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے پارلیمان، حکومت کو یہ بحث کرنا ہے کہ جو غیر ملکی ڈرون آ رہے ہیں انہیں کس طرح سے جواب دینا ہے سفارتی سطح پر سیاسی طریقے سے مسئلہ حل کرنا ہے یا انہیں عسکری جواب دینا ہے۔ ’یہ فیصلہ جب ہم سوچ سمجھ کر کرلیں گے تو پھر اس کے بعد جو بھی ہوگا فضائیہ اس پر عملدر آمد کرے گی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ اپنی فضائی حدود کی حفاظت کے لئے تیار ہے اور ملک کو درپیش ہر قسم کے خطرے سے آگاہ ہے۔

ڈرون کا توڑ
پاکستانی سائنسدان اس وقت جدید نظام تیار کر رہے ہیں جو زیادہ بلندی پر پرواز کرنے والے جاسوس طیاروں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل ہوگا۔ یہ نظام ایک سال کے عرصے میں تیار کرلیا جائے گا۔
دفاعی پیداوار کے وزیر عبدالقیوم جتوئی

پاک فضائیہ کے سربراہ نے بتایا کہ کہا ہے کہ پاکستان چین کے اشتراک سے تیار ہونے والے چالیس جے ایف سترہ تھنڈر طیارے اپنے بیڑے میں شامل کر رہا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر دفاع چودھری احمد مختار نے کہا ہے کہ پاکستان کی حدود میں امریکی کارروائی کے حوالے سے دو دسمبر کو پارلمنٹ کا اجلاس طلب کیا جارہا ہے جس میں حکمران اتحاد کے ساتھ اپوزیشن کو مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی جائے گی، اس حوالے سے پارلیمنٹ فیصلہ کرے گئی کہ کیا کرنا ہے۔

چودھری احمد مختار نے واضح کیا کہ ان کے پاس ایک جامع منصوبہ موجود ہے کیونکہ پاکستان کی سالمیت سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔

دوسری جانب سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر عبدالقیوم جتوئی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک سال کے اندر بلندی پر پرواز کرنے والے جاسوس طیاروں کو مار گرانے کا نظام تیار کرلے گا۔

منگل کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی سائنسدان اس وقت جدید نظام تیار کر رہے ہیں جو زیادہ بلندی پر پرواز کرنے والے جاسوس طیاروں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل ہوگا۔ یہ نظام ایک سال کے عرصے میں تیار کرلیا جائے گا۔

Report from BBC

0 comments: